شمالی سمندر میں امریکی آئل ٹینکر اور پرتگالی بحری جہاز میں خوفناک تصادم، درجنوں ہلاکتوں کا خدشہ

اب تک 32 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے، جن میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے

شمالی سمندر میں ایک ہولناک حادثہ پیش آیا جہاں امریکی پرچم بردار آئل ٹینکر اور پرتگالی بحری جہاز آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم کے بعد آئل ٹینکر میں زبردست آگ بھڑک اٹھی، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے 32 شدید زخمیوں کو نکالا، جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ یارکشائر کے ساحل سے کچھ دور، شمالی سمندر میں ہمبر ایسٹوری کے قریب صبح 10 بجے سے پہلے پیش آیا۔ حادثے میں امریکی پرچم والا آئل ٹینکر "اسٹینا امیکولیٹ” اور کنٹینرز سے بھرا پرتگالی بحری جہاز "سولونگ” ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو مشن میں لائف بوٹس اور کوسٹ گارڈ ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں۔ اب تک 32 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے، جن میں سے بیشتر کی حالت نازک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

آئل ٹینکر کی ملکیت رکھنے والی کمپنی نے بتایا کہ ان کا عملہ محفوظ ہے، تاہم حادثے کی وجوہات پر تبصرے سے گریز کیا۔ دوسری جانب، بحری جہاز کے مالک ادارے کی طرف سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

یہ خوفناک بحری حادثہ کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ تصادم کی اصل وجہ کیا تھی اور کیا کسی کی غفلت اس حادثے کا باعث بنی؟ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین