اسلام آباد:آئی ایم ایف نے بجلی کے نرخوں میں کمی کی حکومتی تجویز قبول کر لی ہے، جس پر آئندہ ماہ حتمی فیصلہ متوقع ہے۔ بنیادی نرخوں میں ایک سے دو روپے فی یونٹ کمی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بجلی کی قیمتیں کم کرنے کی حکومتی تجویز منظور کر لی، جس پر حتمی فیصلہ آئندہ ماہ متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق، حکومت بجلی کے بنیادی نرخوں میں ایک سے دو روپے فی یونٹ تک کمی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس حوالے سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) اور وزارت توانائی کو نرخوں میں کمی کا اختیار دے دیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف نے ڈسکوز (بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں) کی نجکاری میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ فنڈ کے مطابق، جب تک ڈسکوز کی کارکردگی بہتر نہیں ہوتی، پاور سیکٹر میں مجموعی بہتری ممکن نہیں۔ اس کے علاوہ، آئی ایم ایف نے وزارت توانائی کی جانب سے نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے منصوبے کو بھی مسترد کر دیا ہے۔
پاور سیکٹر کے گردشی قرضے کے معاملے پر آج اہم مذاکرات ہوں گے، جہاں بجلی کے شعبے کی مالی مشکلات اور ان کے حل پر بات چیت کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ، وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی آمدنی، زرعی ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس سے متعلق معاملات پر بھی بات چیت جاری ہے۔
مزید برآں، عید کے بعد آئی ایم ایف کا ایک نیا وفد پاکستان آئے گا، جو ملک میں گورننس سے متعلق امور پر حکومت سے مذاکرات کرے گا۔