لاہور:پاکستانی شوبز کی معروف اور خوبصورت اداکارہ اشنا شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ ایک کاسمیٹک سرجری نے ان کے چہرے کو بری طرح متاثر کیا تھا۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں کاسمیٹک پروسیجرز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اشنا شاہ نے بتایا کہ اب وہ کسی بھی قسم کی کاسمیٹک سرجری کروانے سے خوفزدہ رہتی ہیں۔ انہوں نے ماضی میں ایک بار فلرز کروائے تھے جو بعد میں چہرے کو نقصان پہنچنے کے باعث نکلوانے پڑ گئے۔
اداکارہ نے اپنے تجربے کے بارے میں بتایا کہ انہیں نیند کے مسائل کا سامنا رہتا ہے جس کی وجہ سے ان کی آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے بن گئے تھے۔ ایک ڈاکٹر نے مشورہ دیا کہ فلرز کے ذریعے یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے، جس کے بعد انہوں نے یہ پروسیجر کروایا۔ فلرز کے بعد ان کے چہرے پر نمایاں بہتری آئی اور آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے ختم ہوگئے۔
تاہم، کچھ ماہ بعد جب فلرز کا اثر ختم ہوا تو اشنا شاہ ایک سیلون گئیں، جہاں ایک بیوٹیشن نے دعویٰ کیا کہ وہ بھی فلرز کرسکتی ہے۔ اداکارہ نے اس بیوٹیشن پر بھروسہ کرتے ہوئے دوبارہ فلرز کروا لیے۔ لیکن اس بار نتائج بہت بھیانک نکلے۔
اشنا شاہ نے بتایا کہ بیوٹیشن کے فلرز لگانے کے بعد ان کی آنکھیں بری طرح سوج گئیں اور چہرے کی شکل بگڑ گئی۔ وہ صورتحال سے اس قدر پریشان ہوئیں کہ فوری طور پر فلرز نکلوانے پر مجبور ہوگئیں۔
اداکارہ نے اس ناخوشگوار تجربے کے بعد کسی بھی قسم کی کاسمیٹک سرجری سے توبہ کر لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وہ ایسے پروسیجرز سے بہت ڈرتی ہیں اور خواتین کو بھی مشورہ دیتی ہیں کہ کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے ماہرین سے رجوع کریں۔