پنجاب میں الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری کا نیا باب کھلنے کو تیار

پنجاب حکومت سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کے لیے بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کر چکی ہے:صوبائی وزیر صنعت و تجارت

لاہور: صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے الیکٹرک وہیکلز سیکٹر سے وابستہ بین الاقوامی کمپنی ایرو سپیس بائکی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور ممکنہ مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد میں ایرو سپیس بائکی پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے سی ای او شفقت اقبال، چین میں کمپنی کے ڈائریکٹرز اور دیگر نمائندگان شامل تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے موجود سازگار ماحول پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ وقت صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے بہترین ہے، جہاں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
چوہدری شافع حسین نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کے لیے بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کر چکی ہے، جہاں ایک چھت تلے تمام سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ پنجاب حکومت ایرو سپیس بائکی گروپ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی تاکہ وہ صوبے میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید بڑھا سکے۔
ملاقات کے دوران چینی کمپنیوں کی جانب سے الیکٹرک وہیکلز سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کے اظہار کا بھی ذکر ہوا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ایرو سپیس بائکی گروپ کے جائز مسائل 31 مارچ تک حل کیے جائیں تاکہ کمپنی کی سرمایہ کاری کے عمل میں مزید تیزی لائی جا سکے۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین