لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملہ اور معصوم مسافروں کو یرغمال بنانے اور انہیں شہید کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
دہشت گردوں کا ریاست پر یہ حملہ سنگین غداری اور بغاوت ہے، اسے کچلنے کے لئے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائے جائیں اور دہشت گردی کے اس سانحہ میں ملوث تمام کرداروں اور سہولت کاروں کو کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزا دی جائے۔خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ معصوم شہریوں کے جان و مال سے کھیلنے والے دہشت گرد عناصر کے ناپاک وجود سے اس دھرتی کو پاک کیا جائے اور قومی اتحاد اور قومی اتفاق رائے کی قوت سے دہشت گردوں کو شکست فاش دی جائے۔
پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ممبران راجہ زاہد محمود، میاں ریحان مقبول، قاضی شفیق، قمر عباس دھول، محمد اسماعیل نور زئی، سبحان اللہ خان، نوراللہ صدیقی، عارف چودھری، سردار عمر دراز خان نے دہشت گردی کے اس سنگین واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
راہ نماؤں نے کہا کہ شہداء کی فیملی کے ساتھ اظہارِ ہمدردی اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شریک فورسز کے افسران اور جوانوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور اُن کی حفاظت اور آپریشن کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ایگزیکٹو کونسل کے ممبران نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے اس سے پہلے بھی دہشت گردی کے زخم سہے ہیں لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری، اب بھی قوم ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور دہشت گردوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس وقت قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔