سنٹرل جیل حافظ آباد کی لائبریری کو شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی کتب کا تحفہ

علم کی روشنی پھیلانے کے لیے اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے:قاری ریاست علی

لاہور:تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں کی جانب سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی سینکڑوں کتب سنٹرل جیل حافظ آباد کی لائبریری کے لیے عطیہ کی گئیں ہیں۔تقریب میں سپرنٹنڈنٹ جیل کامران حیدر اعوان، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نثار احمد، اور دیگر جیل افسران نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی و ضلعی قائدین کا پرتپاک استقبال کیا۔

قاری ریاست علی چدھڑ، حاجی محمد یوسف بختاور، زاہد اقبال ہنجرا ایڈووکیٹ، محمد عمر بھٹی ایڈووکیٹ، اور حافظ تنویر ساجد سمیت کئی معزز شخصیات تقریب میں شریک ہوئیں۔سیکرٹری کوآرڈینیشن تحریک منہاج القرآن پنجاب قاری ریاست علی چدھڑ نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے یہ عزم کر رکھا ہے کہ ملک بھر کی بڑی لائبریریوں میں شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی کتب بطور تحفہ پیش کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ علم کی روشنی پھیلانے کے لیے اس طرح کے اقدامات وقت کی ضرورت ہیں، تاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔سپرنٹنڈنٹ جیل کامران حیدر اعوان نے تحریک منہاج القرآن کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کتاب سے قیمتی کوئی تحفہ نہیں ہوتا، اور آج جیل کی لائبریری کو ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی کتب سے آراستہ کرنا ایک خوش آئند اقدام ہے۔

انہوں نے قیدیوں کے لیے ایسے تعلیمی مواقع فراہم کرنے پر تحریک منہاج القرآن کے قائدین کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری صابر حسین گجر نے تحریک منہاج القرآن کی علمی و سماجی خدمات پر روشنی ڈالی، علامہ حافظ محمد شبیر قادری نے شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی علمی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ کرنل علی احمد اعوان نے اس اقدام کو قیدیوں کے لیے مثبت سرگرمی قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر حاجی محمد یوسف بختاور نے دعا کرائی اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ کتب قیدیوں کی فکری و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کریں گی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین