گوگل نے پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگی کا نظام "گوگل والٹ” متعارف کروا دیا، جو ڈیجیٹل لین دین کو محفوظ، آسان اور مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔
تفصیلات کے مطابق، گوگل والٹ 12 مارچ 2025 سے پاکستانی صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ صارفین اسے گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں اور اپنے بینک کارڈز، بورڈنگ پاسز، ٹکٹس اور دیگر ڈیجیٹل دستاویزات محفوظ کر سکتے ہیں۔ یہ ایپ نہ صرف آن لائن ادائیگیوں بلکہ کانٹیکٹ لیس اور ان ایپ خریداری کے لیے بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔
گوگل والٹ میں انکرپشن اور ڈیوائس سیکیورٹی فیچرز شامل ہیں جو صارفین کے ڈیٹا کو محفوظ بناتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق، اگر کوئی غیر مجاز شخص اس ڈیٹا تک رسائی حاصل کر بھی لے تو وہ اسے استعمال نہیں کر سکتا کیونکہ اس میں کریڈٹ یا ڈیبیٹ کی تفصیلات موجود نہیں ہوتیں۔
پاکستان میں گوگل والٹ کو بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، فیصل بینک نور، جاز کیش، میزان بینک، ایچ بی ایل اور یو بی ایل کے کارڈ ہولڈرز استعمال کر سکتے ہیں۔ جلد ہی الائیڈ بینک، ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک، جے ایس بینک اور زندگی کے کارڈز بھی گوگل والٹ میں شامل کیے جا سکیں گے۔
گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور گوگل والٹ ان ادائیگیوں کو محفوظ اور مؤثر بنانے کے لیے ایک بہترین حل فراہم کرتا ہے۔ یہ اقدام مالی شمولیت کو فروغ دینے اور پاکستان کی معیشت کو مزید مواقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
گوگل والٹ کا استعمال نہایت آسان ہے۔ صارفین اپنے بینک کارڈز کو ایپ میں شامل کرکے کانٹیکٹ لیس ادائیگیاں کر سکتے ہیں اور سفر کے دوران بورڈنگ پاسز تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ ایپ پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے منظرنامے کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔