جعفر ایکسپریس حملہ، وزیراعظم اور آرمی چیف آج کوئٹہ کا دورہ کرینگے، اہم فیصلے متوقع

شہداء کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کریں گے تاکہ ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کر سکیں

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف آج کوئٹہ کے اہم دورے پر پہنچیں گے، جہاں دہشت گردی کی روک تھام کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم کو حالیہ جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف اقدامات کے حوالے سے اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
اجلاس کے دوران سیکیورٹی ادارے جعفر ایکسپریس آپریشن کی مکمل تفصیلات پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم شہداء کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کریں گے تاکہ ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کر سکیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن مکمل کر لیا ہے، جس میں پاک فوج کے چار جوانوں سمیت 21 مسافر شہید ہوئے، جبکہ تمام 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق، دہشت گردوں نے 11 مارچ کو تقریباً ایک بجے کے قریب بولان کے علاقے اوسی پور میں ریلوے ٹریک کو دھماکے سے تباہ کر دیا اور جعفر ایکسپریس کو روک لیا۔ اس وقت ٹرین میں 440 مسافر سوار تھے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ علاقہ آبادی سے دور اور دشوار گزار ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشت گردوں نے مسافروں کو یرغمال بنایا اور انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
وزیراعظم کے اس دورے میں دہشت گردی کے خلاف مزید اقدامات اور بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے جانے کی توقع ہے۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین