پالتو کتے نے ٹریگردبا کراپنے ہی مالک کو گولی مار دی

اس واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی ہلچل مچا دی ہے

ٹینیسی :امریکا میں اسلحے کے عام استعمال کے باعث حیرت انگیز واقعات پیش آتے رہتے ہیں، مگر حال ہی میں پیش آنے والا واقعہ سب کو چونکا گیا۔ ٹینیسی میں ایک پالتو کتے نے حادثاتی طور پر اپنے ہی مالک کو گولی مار دی، جس نے نہ صرف پولیس بلکہ سوشل میڈیا پر بھی ہلچل مچا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، امریکی ریاست ٹینیسی میں جیراڈ کرک ووڈ نامی شخص نے میمفس پولیس کو رپورٹ کیا کہ وہ بستر پر ایک گن کے ساتھ لیٹا ہوا تھا جب اچانک اس کا پالتو کتا "اوریو” چھلانگ لگا کر بستر پر آیا اور حادثاتی طور پر گن سے فائر ہوگیا۔ یہ گولی کرک ووڈ کی بائیں ران پر لگی، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔
جیراڈ کرک ووڈ نے بتایا کہ اس کا ایک سالہ کتا اوریو بستر پر کھیلتے ہوئے گن کے قریب پہنچا، اور اچانک اس کا پنجہ گن میں پھنس گیا۔ پنجہ نکالنے کی کوشش میں اوریو نے غلطی سے ٹریگر دبا دیا، جس کے نتیجے میں فائر ہوا اور کرک ووڈ زخمی ہوگیا۔
واقعے کے وقت گھر میں کرک ووڈ کی ایک دوست خاتون بھی موجود تھی، جو گولی چلنے کے بعد خوفزدہ ہو کر گھر سے چلی گئی اور گن بھی اپنے ساتھ لے گئی۔ زخمی شخص کو فوراً اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
بعد ازاں، پولیس نے اس خاتون سے بھی بات کی جس کا کہنا تھا کہ اوریو ایک اچھا کتا ہے، جو اپنے مالک کے اردگرد اچھل کود کرتا رہتا ہے، اور اس کا مقصد نقصان پہنچانا نہیں تھا۔
یہ واقعہ اس جانب بھی اشارہ کرتا ہے کہ امریکا میں اسلحے کا استعمال کس حد تک عام ہو چکا ہے، جس کے باعث اکثر حادثاتی فائرنگ کے واقعات سامنے آتے ہیں۔ جیراڈ کرک ووڈ اپنی نوعیت کا پہلا شخص نہیں جسے کسی پالتو جانور نے گولی ماری ہو۔
اس سے قبل 2018 میں رچرڈ ریمی نامی شخص نے رپورٹ کیا تھا کہ اس کے کتے نے حادثاتی طور پر گن چلا کر اسے زخمی کر دیا تھا۔ اسی طرح، 2019 میں میٹ برینچ نامی شخص کو بھی ایسے ہی واقعے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یہ واقعات اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہیں کہ امریکا میں اسلحہ رکھنے کے عام رجحان کے باعث کس طرح چھوٹے چھوٹے لمحے خطرناک صورتحال میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین