پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے بعد مزید دو نئی ٹیمیں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ لیگ کے سی ای او سلمان نصیر نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے آخر تک نئی ٹیموں کو لیگ میں شامل کر لیا جائے گا، جس سے پی ایس ایل میں شریک ٹیموں کی تعداد چھ سے بڑھ کر آٹھ ہو جائے گی۔
پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پی ایس ایل کا آغاز اس وقت ہوا جب پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ایک بڑا چیلنج تھا۔ اس لیگ کے ذریعے ملک میں کرکٹ کو دوبارہ مقبول بنانے کا مشن کامیاب ہوا، اور اب پی ایس ایل کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سلمان نصیر کے مطابق، 11ویں ایڈیشن میں لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی میچز کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جبکہ پشاور سمیت نئے شہروں کو بھی میزبانی کا موقع دیا جائے گا۔
فی الحال پی ایس ایل میں چھ ٹیمیں شامل ہیں، جن میں کراچی کنگز، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز شامل ہیں۔ دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے ایونٹ مزید دلچسپ ہو جائے گا، تاہم ابھی تک ان کے نام یا شہروں کے بارے میں کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
کے مطابق ٹیمیں خریدنے میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں، جبکہ ملکی کرکٹ سے وابستہ ایک اہم اسٹیک ہولڈر بھی نئی ٹیم خریدنے کے خواہشمند ہیں۔ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے، اور جلد ہی باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
دوسری جانب، پی سی بی کے مطابق 8 اپریل 2025 کو پشاور ایک نمائشی پی ایس ایل میچ کی میزبانی کرے گا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کا آغاز 11 اپریل 2025 سے ہوگا، جبکہ ایونٹ کا فائنل 18 مئی 2025 کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔