ریاض :سعودی عرب کے مفتی اعظم سینئر علما کونسل کے چیئرمین اور سائنسی تحقیق و فتاویٰ کے جنرل صدر شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے ائمہ اور مبلغین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے عمل میں اخلاص پیدا کریں اور منافقت یا شہرت کے پہلو سے اجتناب کریں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا چینلز اور مساجد کی ویب سائٹس کے ذریعے نمازوں اور دینی لیکچرز کی فلم بندی اور نشر کرنے سے گریز کیا جائے، کیونکہ اس عمل سے اخلاص متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ فتویٰ وزارتِ اسلامی امور، دعوت و رہنمائی کی جانب سے سوشل میڈیا پر نمازوں اور لیکچرز کی براہِ راست نشریات روکنے کے فیصلے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں جاری کیا گیا۔
مفتی اعظم نے سوشل میڈیا کے ذریعے غلطیوں کے پھیلاؤ اور اس کے ممکنہ منفی اثرات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دین کی دعوت کا اصل مقصد اصلاحِ نفس اور اللہ کی رضا ہونا چاہیے، نہ کہ شہرت یا سوشل میڈیا پر مقبولیت کا حصول۔
انہوں نے مزید کہا کہ ائمہ اور مبلغین کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو خالص اللہ کے لیے نبھائیں اور ایسی سرگرمیوں سے اجتناب کریں جو اخلاص کے تقاضوں سے ہٹ کر دکھاوے یا غلط فہمیوں کا سبب بن سکتی ہیں۔