ایران میں انوکھا قدرتی مظہر، شہریوں نے اسے خونی بارش کا نام دے دیا

موسلا دھار بارش کے بعد ساحل پر سرخ پانی دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے

ایران میں ایک انوکھا قدرتی منظر دیکھنے میں آیا، جس نے دنیا بھر میں لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کر لی۔ موسلا دھار بارش کے بعد ساحل پر سرخ پانی دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے، کچھ نے اسے "خونی بارش” قرار دیا، جبکہ دیگر افراد اس نایاب منظر سے محظوظ ہو رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایران میں ہونے والی بارش کے بعد ایک حیران کن قدرتی مظہر سامنے آیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بارش کا پانی زمین سے سرخ مٹی بہا کر ساحل تک لے آیا، جس کے نتیجے میں پانی سرخ رنگ اختیار کر گیا اور ساحل پر ایک شاندار اور غیر معمولی نظارہ دیکھنے کو ملا۔

یہ ویڈیو ایک ٹور گائیڈ نے انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں ہرمز کے مشہور "ریڈ بیچ” پر شدید بارش کے دوران سیاحوں کو لطف اندوز ہوتے دکھایا گیا۔ فارسی زبان میں کیپشن کے ساتھ پوسٹ کی گئی اس ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کے درمیان دلچسپ بحث چھیڑ دی۔

وائرل ویڈیوز پر صارفین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے لکھا، "اللہ کی شان ہے، کیا خوبصورتی ہے! بے شک، خدا دونوں جہانوں کا بہترین مصور ہے۔”

یہ غیر معمولی منظر لوگوں کے لیے حیرت اور تجسس کا باعث بنا، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرخ مٹی کا پانی میں شامل ہونا اس رنگت کی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین