پشاور:خیبرپختونخوا میں محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے اساتذہ اور طلبہ کے امتحان کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس امتحان کا مقصد تعلیمی نظام میں بہتری لانا اور اصلاحات متعارف کرانا ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق 17 سے 19 مارچ تک صوبے کے 2200 اسکولوں میں رینڈم ٹیسٹ لیا جائے گا۔ اس امتحان میں گریڈ 3، 5 اور 8 کے طلبہ کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
امتحان کے انعقاد کے لیے 6 ہزار تربیت یافتہ اساتذہ کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ اس ٹیسٹ کے نتائج کی بنیاد پر تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جن میں نصاب میں تبدیلی اور اساتذہ کی مزید تربیت جیسے فیصلے شامل ہو سکتے ہیں۔
یہ اقدام تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ و اساتذہ کی صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے لیے کیا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں نظامِ تعلیم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔