سورج کی روشنی سے چند ہی منٹ میں چارج ہونے والا لیپ ٹاپ، قیمت سامنے آگئی

اس جدید لیپ ٹاپ کو جون 2025 میں متعارف کرایا جائے گا

ٹیکنالوجی کی دنیا میں نت نئے حیرت انگیز ایجادات سامنے آ رہی ہیں، اور اب شمسی توانائی سے چلنے والے لیپ ٹاپ نے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ چینی کمپنی لینووو نے ایسا جدید لیپ ٹاپ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو محض 20 منٹ میں سورج کی روشنی سے چارج ہو سکتا ہے۔ اس حیرت انگیز ڈیوائس کی قیمت بھی سامنے آ چکی ہے، جس سے ٹیکنالوجی کے شوقین افراد میں مزید جوش و خروش پیدا ہو گیا ہے۔

چین کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی لینووو نے حال ہی میں بارسلونا میں منعقدہ موبائل ورلڈ کانگریس میں ایک جدید ترین شمسی توانائی سے چلنے والے یوگا سولر پی سی کا اعلان کیا ہے۔ یہ لیپ ٹاپ صارفین کو "ورک فرام ہوم” کی جگہ "ورک فرام سن” کے منفرد تصور کی طرف لے جائے گا۔

کمپنی نے فی الحال اس منفرد لیپ ٹاپ کی پروڈکشن کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا، لیکن اس کا ابتدائی تصور 2023 میں پیش کیا گیا تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس جدید لیپ ٹاپ کو جون 2025 میں متعارف کرایا جائے گا، اور اس کی متوقع قیمت 3,499 ڈالر رکھی گئی ہے۔ تاہم، فی الحال یہ محض ایک تصوراتی ماڈل ہے جس پر مزید تحقیق کی جا رہی ہے۔

تکنیکی ماہرین کے مطابق یہ لیپ ٹاپ محض 20 منٹ میں سورج کی روشنی سے چارج ہو سکتا ہے، جس کے بعد یہ 1 گھنٹے تک ویڈیو پلے بیک فراہم کر سکے گا۔

یہ الٹرا تھن لیپ ٹاپ ہوگا جس کی موٹائی صرف 15 ملی میٹر ہوگی جبکہ وزن بھی انتہائی کم رکھا گیا ہے، جو محض 1.22 کلوگرام ہوگا، یعنی تقریباً پانچ آئی فونز کے برابر۔

اس لیپ ٹاپ کی پشت پر چھوٹے شمسی پینلز نصب کیے گئے ہیں جو بیٹری کو چارج کرنے کے لیے مختلف روشنی کے ذرائع استعمال کر سکتے ہیں، لیکن بنیادی طور پر سورج کی روشنی سے چارجنگ کا عمل انجام دیں گے۔

مزید یہ کہ، اس میں ڈائنامک سولر ٹریکنگ سسٹم بھی شامل ہوگا، جو یہ دکھائے گا کہ شمسی پینل کس قدر وولٹیج اور کرنٹ پیدا کر رہا ہے، تاکہ صارفین کو چارجنگ کے حوالے سے مکمل آگاہی حاصل ہو۔

یہ لیپ ٹاپ جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے، جو خاص طور پر ان افراد کے لیے بہترین ہوگا جو بجلی کے مسائل سے دوچار علاقوں میں کام کرتے ہیں یا ماحول دوست ٹیکنالوجی کو ترجیح دیتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین