ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ وزن میں بار بار اور تیزی سے کمی یا اضافہ موٹاپے اور دل کی بیماری میں مبتلا افراد کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق ایسے افراد میں موت کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھ جاتا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی تحقیق ہے، جس میں وزن میں مسلسل اتار چڑھاؤ اور اموات کے درمیان تعلق کو واضح کیا گیا ہے۔
انجلیا رسکن یونیورسٹی کے ماہرین نے ایک تحقیق میں یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ دل کی بیماری میں مبتلا موٹے افراد کے وزن میں اگر بہت زیادہ کمی یا اضافہ ہو تو ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
یہ تحقیق یوکے بائیو بینک کے ڈیٹا پر کی گئی، جس میں 8,297 افراد کے وزن اور صحت کا 14 سال تک مشاہدہ کیا گیا۔ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ وزن میں بار بار اور تیزی سے کمی یا اضافہ موت کے امکانات کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔
اس تحقیق کے مرکزی مصنف، ڈاکٹر جوفن ژانگ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کو اس تحقیق کے نتائج کو ذہن میں رکھنا چاہیے، خاص طور پر اس وقت جب تیزی سے وزن کم کرنے والی ادویات مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ دل کے مریض اور موٹے افراد کے وزن میں اتار چڑھاؤ اور اموات کے درمیان تعلق کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا ہے۔ اس تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ وزن کو متوازن رکھنا صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے، ورنہ اس کے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔