آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں تحریری بیان جمع کراتے ہوئے واضح کیا کہ تنخواہوں، الاؤنسز اور پے اسکیل میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ البتہ ملازمین کے لیے ہائرنگ اور سیلنگ کی حد بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد:وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے دوران تحریری جواب جمع کراتے ہوئے انکشاف کیا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن بڑھانے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔
اپنے تحریری بیان میں وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے الاؤنسز اور پے اسکیل پر نظرثانی کا بھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ میں کسی قسم کی اضافی مالی رعایت دینے پر غور نہیں کیا جا رہا۔
وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ حکومت سرکاری ملازمین کے لیے ہائرنگ اور سیلنگ کی حد میں اضافے پر غور کر رہی ہے، تاہم پنشن میں اضافے کی بھی کوئی تجویز موجود نہیں ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مہنگائی کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی توقع کی جا رہی تھی، لیکن وزیر خزانہ کے اس اعلان نے ان امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔