بروقت کارروائی سے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے 3حملے ناکام

لکی مروت کے تھانہ گمبیلا پر 10 سے 15 مسلح دہشت گردوں نے حملہ کرنے کی کوشش کی

پشاور: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے تین حملے پولیس کی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق لکی مروت کے تھانہ گمبیلا پر 10 سے 15 مسلح دہشت گردوں نے حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا۔ ڈی پی او لکی مروت جواد اسحاق کے مطابق پولیس نے بڑی تباہی سے بچاتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا، جبکہ دہشت گرد بھاری ہتھیاروں کے ساتھ فرار ہو گئے۔

پشاور میں بھی دہشت گردوں نے پولیس چوکی ملازئی پر دستی بم سے حملہ کیا، تاہم پولیس نے فوری ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو زخمی حالت میں فرار ہونے پر مجبور کر دیا۔ اس واقعے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اسی طرح خیبر میں بائی پاس روڈ پر واقع پولیس چوکی پر بھی دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔ پولیس کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

دریں اثنا، جمرود میں ایف سی چیک پوسٹ پر شدت پسندوں نے حملہ کیا، تاہم ایف سی باڑہ رائفلز نے فوری فائرنگ کر کے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔ حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے ان واقعات کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین