لاہور:منہاج ویلفیئر فائونڈیشن لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ عید فیملی فیسٹیول کے تیسرے روز مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نائب ناظم اعلیٰ میڈیا نوراللہ صدیقی نے خصوصی دعوت پر فیملی فیسٹیول کا دورہ کیا اور مختلف سٹالز پر گئے۔ فیملی فیسٹیول کے تیسرے روز 100مستحق خاندانوں نے فری شاپنگ کی۔
فیملی فیسٹیول میں پہنچنے پر نائب ناظم اعلیٰ میڈیاافیئرز کو کیپٹن(ر) عبدالمجید، قاسم سرور، ممتاز کھچی، احمد صادق نے خوش آمدید کہا اور فیسٹیول کے حوالے سے بریفنگ دی۔ نوراللہ صدیقی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انفاق فی سبیل اللہ جنت میں لے جانے والا عمل ہے۔ مستحقین کا صاحب ثروت پر حق ہے۔ حضور نبی اکرمؐ کی حدیث مبارکہ ہے ’’خرچ کرو اور گن کر نہ دو ورنہ اللہ بھی تمہیں گن کر دے گا اور ہاتھ نہ روکو ورنہ اللہ تعالیٰ بھی تم سے اپنا ہاتھ روک لے گا‘‘۔
انہوں نے کہا کہ اسلام میں ہر انسان حقوق میں برابر ہے مگر بعض لوگ جسمانی معذوری یا کسی آفت کی وجہ سے مادی ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں ایسے لوگوں کی کفالت، مدد اور معاشی خودانحصاری کے لئے اسلام نے بڑا زور دیا ہے۔ کیپٹن(ر) عبدالمجید نے بتایا کہ عید فیسٹیول کا تیسرا روز معذور افراد کے لئے مخصوص ہے۔ معذور خواتین و حضرات کی شاپنگ کے لئے اُنہیں یہاں ویل چیئر اور ایک کوآرڈینیٹر مہیا کیا گیا ہے جو ہر سٹال پر جا کر اُس کی معاونت کرتا ہے۔ منہاج القرآن میڈیا سیل کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالحفیظ چودھری نے بھی اپنی فیملی کے ہمراہ عیدفیملی فیسٹیول کا دورہ کیا اور مستحقین کی باوقار مدد اور عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کے آئیڈیا کو سراہا۔ ایسے عید فیملی فیسٹیول شہر شہر منعقد ہونے چاہئیں اور مخیر حضرات کو ان کی سرپرستی کرنی چاہیے۔