شدید گرمی دل کے مریضوں کے لیے خطرناک، جلد موت کا سبب بن سکتی ہے

جب موسم گرم ہوتا ہے تو دل کو جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے

نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ شدید گرمی دل کے مریضوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق گرم موسم میں دل کو جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے، جو دل کے مریضوں کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ ہر سال ہزاروں افراد شدید گرمی کی وجہ سے امراض قلب میں مبتلا ہو رہے ہیں اور اگر یہ رجحان برقرار رہا تو 2050 تک یہ تعداد دگنی سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔

نئی تحقیق کے مطابق شدید گرمی امراض قلب میں مبتلا افراد کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہی ہے اور ان کی جلد موت کے امکانات بڑھا رہی ہے۔

ماہرین نے وضاحت کی ہے کہ تحقیق کے نتائج کے مطابق ہر سال اوسطاً 49,483 صحت مند زندگیاں شدید گرمی کی وجہ سے دل کی بیماریوں کا شکار ہو جاتی ہیں۔ اگر یہی رجحان جاری رہا تو 2050 تک یہ تعداد دگنی سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔

دل کی بیماری دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجہ ہے اور تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ شدید گرمی اس بیماری کو مزید خطرناک بنا سکتی ہے۔

ایڈیلیڈ یونیورسٹی کے ماحولیاتی صحت کے ماہر پینگ بی کے مطابق جب موسم گرم ہوتا ہے تو دل کو جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔ یہ اضافی دباؤ خاص طور پر دل کے مریضوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے اور ان کی صحت کو مزید خراب کر سکتا ہے۔

محققین اس حوالے سے مسلسل خبردار کر رہے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی انسانی صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ یہ نہ صرف امراض قلب بلکہ دیگر مہلک بیماریوں کے پھیلاؤ میں بھی اضافہ کر رہی ہے۔ اگر گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوتا رہا تو مستقبل میں یہ صحت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین