پنجاب حکومت کا ’’آغوش‘‘ کے نام سے منفرد پروگرام شروع کرنے کا اعلان

ماؤں اور حاملہ خواتین کو مختلف مواقع پر مجموعی طور پر 23 ہزار روپے دیے جائیں گے

لاہور:وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے’’آغوش‘‘ کے نام سے ایک منفرد پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد حاملہ خواتین اور دو سال سے کم عمر بچوں کی ماؤں کو مالی مدد فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ماؤں اور حاملہ خواتین کو مختلف مواقع پر مجموعی طور پر 23 ہزار روپے دیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی اور اپنے بچے کی صحت کا بہتر خیال رکھ سکیں۔
تفصیلات کے مطابق "آغوش” پروگرام کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 13 اضلاع کو شامل کیا گیا ہے۔ ان اضلاع میں ڈیرہ غازی خان، تونسہ، راجن پور، لیہ، مظفر گڑھ، کوٹ ادو، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، بھکر، میانوالی، خوشاب اور لودھراں شامل ہیں۔
پروگرام کے تحت، جب کوئی حاملہ خاتون پہلی بار مرکزِ صحت یا مریم ہیلتھ کلینک میں اپنا اندراج کروائے گی، تو اسے 2 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ اس کے بعد، بچے کی پیدائش تک ہر مرتبہ طبی معائنے کے لیے مرکزِ صحت جانے پر 1500 روپے دیے جائیں گے، جو کہ مجموعی طور پر 6 ہزار روپے بنتے ہیں۔
جب بچہ پیدا ہوگا تو ماں کو مرکزِ صحت میں 4 ہزار روپے کا تحفہ ملے گا۔ بچے کی پیدائش کے بعد پہلے 15 دن کے اندر طبی معائنہ کروانے پر مزید 2 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ پیدائشی سرٹیفکیٹ کا اندراج مرکزِ صحت میں کروانے پر 5 ہزار روپے ملیں گے۔
اس کے علاوہ، بچے کو حفاظتی ٹیکے لگوانے پر ہر بار 2 ہزار روپے دیے جائیں گے، اور اس مد میں کل 4 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ تمام ادائیگیاں "آغوش” پروگرام کے کیش ایجنٹ کے ذریعے کی جائیں گی۔
خواتین کی رہنمائی اور معلومات کے لیے ایک خصوصی ٹال فری نمبر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ صحت اور علاج ہر ماں اور بچے کا بنیادی حق ہے، اور حکومت اپنا فرض ادا کرتے ہوئے پسماندہ علاقوں میں طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ مالی معاونت بھی فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماں اور بچے کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، کیونکہ صحت مند ماں ہی صحت مند خاندان کی ضامن ہوتی ہے۔ "آغوش” پروگرام سے نہ صرف ماؤں کی مدد ہوگی بلکہ بچے بھی ایک صحت مند زندگی کا آغاز کر سکیں گے۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین