پنجاب کے کالجوں میں بھارتی گانوں پر ڈانس اور غیر اخلاقی سرگرمیوں پر پابندی لگ گئی، اور اب کالج انتظامیہ کو سخت ہدایات مل گئیں کہ وہ طلبہ کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں ورنہ کارروائی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے راولپنڈی سمیت صوبے کے سرکاری اور پرائیویٹ کالجوں میں بھارتی گانوں پر ڈانس اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے سخت قدم اٹھایا ہے۔ اس سلسلے میں صوبے بھر کے کالجوں کے ڈائریکٹرز اور پرنسپلز کے لیے ایک سرکلر جاری کیا گیا ہے۔
اس سرکلر میں کہا گیا ہے کہ کالجوں میں ہونے والے اسپورٹس گالا اور فن فیئرز جیسے پروگراموں میں ڈانس اور بھارتی گانوں پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ فحش لباس پہننے یا ایسی باتیں کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے سرکلر میں یہ بھی واضح کیا کہ کالج انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم اور اچھی تربیت کو یقینی بنانا ہے۔ آخر میں سرکلر میں تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر آئندہ ان ہدایات کی خلاف ورزی ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔