ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی مہنگی پڑ گئی! 29 ہزار سے زائد شہری جرمانے کی زد میں

چالانوں کا مقصد شہریوں کو پریشان کرنا نہیں بلکہ سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا ہے

لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک کو منظم بنانے کے لیے لائن لین کی سختی سے پابندی کروائی جا رہی ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں میں 45 ہزار سے زائد شہریوں کو چالان جاری کیے گئے، جن میں سے 29 ہزار سے زیادہ چالان صرف لاہور میں کیے گئے۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کا کہنا ہے کہ ان چالانوں کا مقصد ٹریفک کو بہتر بنانا اور حادثات کی روک تھام کرنا ہے۔ لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں گرین لین کے کامیاب انعقاد کے بعد دیگر شہروں میں بھی سڑکوں پر مخصوص نشانیاں لگا کر ٹریفک کو منظم کرنے کا عمل جاری ہے۔

لاہور: ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے پنجاب بھر میں لائن لین کی سختی سے پابندی کروانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق، لاہور سمیت پورے صوبے میں ان احکامات پر عملدرآمد کے لیے سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔

گزشتہ دو ہفتوں کے دوران لائن لین کی خلاف ورزی پر 45 ہزار سے زائد چالان کیے گئے، جن میں 29 ہزار سے زائد چالان لاہور میں جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ، راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی بڑی تعداد میں شہریوں کو چالان کیے گئے۔

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ نے کہا کہ ان چالانوں کا مقصد شہریوں کو پریشان کرنا نہیں بلکہ سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں گرین لین سسٹم متعارف کرانے کے بعد ٹریفک مزید منظم ہو گئی ہے۔ اسی طرز پر دیگر شہروں میں بھی سڑکوں پر کونز (Cones) لگا کر لائن لین کی پابندی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، جس کی بدولت حادثات میں واضح کمی دیکھی گئی ہے۔

ایڈیشنل آئی جی نے ہدایت کی ہے کہ ٹریفک ایجوکیشن یونٹ شہریوں کو لائن لین اور گرین لین کی اہمیت سے آگاہ کرے، تاکہ وہ قوانین پر عمل کر کے محفوظ سفر کر سکیں اور اپنی منزل پر آسانی سے پہنچ سکیں۔ انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین