پریانکا چوپڑا امرود بیچنے والی خاتون کی خودداری سے کیسے متاثر ہوئیں؟

پریانکا چوپڑا ان دنوں معروف جنوبی بھارتی ہدایت کار ایس ایس راجامولی کے ساتھ اپنی نئی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں

ممبئی:بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ ایک امرود بیچنے والی خاتون نے اپنی خودداری سے انہیں بےحد متاثر کیا، جب اداکارہ نے اس کی مدد کرنے کی کوشش کی۔
پریانکا نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ سڑک کنارے ایک خاتون کو امرود بیچتے دیکھ کر رُکیں۔ انہوں نے خاتون سے امرود خریدے اور اسے اضافی رقم دینا چاہی تو خاتون نے وہ رقم لینے سے انکار کر دیا۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ اس خاتون کی خودداری سے بےحد متاثر ہوئیں اور انہیں لگا کہ یہ واقعہ اپنے مداحوں سے شیئر کرنا چاہیے۔
پریانکا نے ویڈیو میں بتایا کہ جب وہ گاڑی چلا رہی تھیں تو انہیں سڑک کنارے ایک خاتون امرود بیچتی نظر آئی۔ انہوں نے گاڑی روک کر خاتون سے امرود کے دام پوچھے، جس پر اس نے قیمت 150 روپے بتائی۔ اداکارہ نے خاتون کو 200 روپے دیے اور سارے امرود لے لیے۔ جب خاتون نے باقی رقم لوٹائی تو پریانکا نے کہا کہ وہ رکھ لے، لیکن خاتون نے وہ رقم لینے سے انکار کر دیا۔
بعد میں وہ خاتون تھوڑی دور گئی اور دو مزید امرود لے کر واپس آئی اور پریانکا کو تھما دیے۔ دراصل وہ خاتون امداد لینا نہیں چاہتی تھی بلکہ اپنی محنت کا صلہ ہی لینا چاہتی تھی۔
یاد رہے کہ پریانکا چوپڑا ان دنوں معروف جنوبی بھارتی ہدایت کار ایس ایس راجامولی کے ساتھ اپنی نئی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور گزشتہ کئی دنوں سے بھارت میں ہی قیام پذیر ہیں۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین