لاہور :لاہور پولیس نے رواں سال پتنگ بازی کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 679 ملزمان کو گرفتار کرکے 667 مقدمات درج کیے ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 22 ہزار سے زائد پتنگیں اور 847 چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔ پولیس نے سٹی ڈویژن سے 142، کینٹ سے 232، سول لائنز سے 41، صدر سے 44، اقبال ٹاؤن سے 91 اور ماڈل ٹاؤن سے 129 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ دھاتی ڈور اور پتنگ بازی جیسے جان لیوا کھیل میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
سی سی پی او نے پتنگ سازی کے خونی کاروبار کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کرنے کی ہدایت دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت پتنگ بازی میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا اور والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو اس خطرناک کھیل سے باز رکھیں۔