قیدیوں سے ملاقات کے لیے جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت شہری پہلے سے وقت لے کر ملاقات کر سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے ویب سائٹ اور واٹس ایپ کے ذریعے کوائف جمع کروا کر وقت حاصل کیا جا سکے گا۔
آئی جی جیل کے مطابق ملاقاتی آن لائن سسٹم کے تحت ملاقات کا وقت لیں گے، اور مقررہ وقت پر قیدی کو بلا کر مخصوص شیڈ میں ملاقات کروائی جائے گی۔ اس نئے نظام کے تحت شہری ویب سائٹ یا واٹس ایپ کے ذریعے اپنی تفصیلات بھجوا کر ملاقات کے لیے وقت حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ نیا سسٹم ابتدائی طور پر پائلٹ پراجیکٹ کے تحت متعارف کروایا جا رہا ہے اور اپریل سے پنجاب کی تمام جیلوں میں اس کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ جیل حکام کے مطابق آئی جی جیل نے کیمپ جیل میں اس سسٹم کی آگاہی کے لیے خصوصی ہدایات دی تھیں، جس کے بعد روزانہ سینکڑوں شہری ایڈوانس بکنگ کے ذریعے ملاقات کر رہے ہیں۔
آئی جی جیل کا کہنا ہے کہ اس نظام سے جیلوں کی انتظار گاہوں میں رش کم ہوگا، جبکہ پنجاب کی جیلوں میں پہلے سے موجود ویڈیو کال کی سہولت کے باعث بھی ملاقاتوں میں کمی آئی ہے۔