بالی ووڈ کے مشہور اداکار رنبیر کپور نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ایسا دلچسپ انکشاف کیا جس نے سب کو حیران کر دیا۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ عالیہ بھٹ ان کی پہلی بیوی نہیں ہیں، بلکہ ان کی ایک اور "بیوی” بھی ہے جس سے وہ آج تک نہیں ملے۔ یہ انکشاف سن کر سب حیران رہ گئے، لیکن اداکار نے اس کے پیچھے چھپی دلچسپ کہانی بھی شیئر کی۔
رنبیر کپور، جو ان دنوں اپنی فلم "لو اینڈ وار” کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی "پہلی شادی” کا قصہ سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی ایک مداح انہیں اپنا شوہر سمجھتی ہے اور اس نے برسوں پہلے ان کے بنگلے کے دروازے پر ایک پنڈت کے ساتھ آکر شادی کر لی تھی۔
رنبیر کے مطابق، ان کے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں یہ واقعہ پیش آیا جب وہ اپنے والدین، آنجہانی اداکار رشی کپور اور اداکارہ نیتو کپور کے ساتھ رہتے تھے۔ لیکن اس وقت وہ شہر سے باہر تھے، اور انہیں ان کے چوکیدار نے یہ دلچسپ کہانی سنائی۔ چوکیدار نے بتایا کہ ایک نوجوان لڑکی سندور اور منگل سوتر کے ساتھ آئی، گیٹ پر ٹیکا اور پھول رکھے، اور ایک پنڈت کی موجودگی میں شادی کر کے چلی گئی۔
رنبیر نے مزاحیہ انداز میں کہا، "میری کبھی اس لڑکی سے ملاقات نہیں ہوئی، لیکن میرے چوکیدار نے بتایا کہ اس نے پورے رسم و رواج کے ساتھ میرے گھر کے دروازے سے شادی کر لی تھی۔ وہ میری سب سے بڑی مداح تھی، لیکن یہ کافی پاگل پن تھا!”
فلمی مصروفیات
یاد رہے کہ رنبیر کپور ان دنوں اپنی نئی فلم "لو اینڈ وار” کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ یہ فلم مشہور ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی تخلیق ہے، جس میں عالیہ بھٹ اور وکی کوشل بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔