پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان کی سرحدی چیک پوسٹ پر خارجی دہشتگردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنا کر جرات اور بہادری کی نئی مثال قائم کر دی۔ رواں ماہ یہ چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا پانچواں حملہ تھا، جسے پولیس اہلکاروں نے دلیری سے پسپا کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان کے تھانہ وہوا کی لکھانی چیک پوسٹ پر خارجی دہشت گردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنا دیا۔ یہ رواں ماہ کا پانچواں حملہ تھا، جس میں دہشتگردوں نے مختلف اطراف سے چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق، 10 سے 12 دہشتگرد سحری کے وقت تین اطراف سے لکھانی چیک پوسٹ پر حملہ آور ہوئے۔ دہشتگردوں نے راکٹ لانچرز اور دیگر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، لیکن پولیس اہلکاروں نے فوری ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔
پولیس اہلکاروں کی مستعدی کے باعث تھرمل امیج کیمروں سے دہشتگردوں کی فوری نشاندہی کی گئی، جس کے بعد اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ یہ مقابلہ تقریباً دو گھنٹے جاری رہا، جس کے نتیجے میں دہشتگرد بھاری نقصان اٹھا کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق، آپریشن کی کمانڈ آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے خود سنبھالی، جبکہ ٹی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کی قیادت میں کیو آر ایف ٹیمیں بروقت لکھانی چوکی پہنچ کر پولیس اہلکاروں کی مدد کو آئیں۔ اس وقت بھی سرحدی علاقوں میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں تاکہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں کا صفایا کیا جا سکے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے اہلکاروں کو شاباش دی اور کہا کہ بزدلانہ حملے پنجاب پولیس کے حوصلے کو پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب پولیس خارجی دہشتگردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی اور کسی بھی قیمت پر امن و امان پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔