ثانیہ اور شعیب کی علیحدگی پر شعیب ملک کی بہن کے تہلکہ خیز انکشافات، بھائی کو قصوار قرار دیدیا

بھارتی میڈیا میں بھی اس انٹرویو کے خوب چرچے ہو رہے ہیں

لاہور:سابق کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی علیحدگی کے بارے میں گزشتہ چند سالوں سے چہ مگوئیاں جاری تھیں، مگر اب شعیب ملک کی بہن کے حیران کن انکشافات نے اس معاملے کو ایک نیا رخ دے دیا ہے۔
سابق قومی کرکٹ کپتان شعیب ملک اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کے درمیان علیحدگی کی خبریں کافی عرصے سے زیر گردش تھیں۔ اب شعیب ملک کی بہن نے انکشاف کیا ہے کہ ثانیہ "شعیب کے افیئرز سے تنگ آ چکی تھی” اور اسی وجہ سے خلع لیا۔
شعیب ملک نے ثانیہ سے علیحدگی کے بعد پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے تیسری شادی کر لی ہے، جس کے بعد وہ مسلسل خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ خاص طور پر ان کی شادی میں خاندان کے کسی فرد کی شرکت نہ ہونے نے کئی سوالات کھڑے کر دیے تھے۔ اب شعیب ملک کی بہن نے تصدیق کی ہے کہ ان کے خاندان نے اس شادی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بھارتی میڈیا میں بھی اس انٹرویو کے خوب چرچے ہو رہے ہیں۔ ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شعیب کی بہن نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ان کے پورے خاندان نے شعیب اور ثنا جاوید کی شادی میں شرکت سے انکار کیا، جس نے ثانیہ اور شعیب کی علیحدگی کے بارے میں مزید قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔
شعیب ملک کی بہن نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ اور ان کے اہلِ خانہ شعیب کی تیسری شادی میں شریک نہیں ہوئے، اور ممکنہ طور پر اس کی وجہ ثانیہ سے شعیب کی علیحدگی پر خاندان کی ناراضگی ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا نے اس سے قبل جنوری 2024 میں تصدیق کی تھی کہ ثانیہ نے شعیب ملک سے خلع لے لیا تھا۔ انعم نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ "ثانیہ نے کچھ مہینے پہلے شعیب ملک سے خلع لیا ہے، اور ہم ان کے نئے سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔”
واضح رہے کہ شعیب ملک کی ذاتی زندگی ہمیشہ سے عوام کی دلچسپی کا مرکز رہی ہے۔ ان کی پہلی شادی عائشہ صدیقی سے 2010 میں ختم ہوئی تھی، جس کے بعد اسی سال ان کی شادی ثانیہ مرزا سے ہوئی۔ اس کے علاوہ ماضی میں شعیب کا نام بھارتی اداکارہ سیالی بھگت کے ساتھ بھی جوڑا گیا تھا، جسے انہوں نے بے بنیاد قرار دیا تھا۔
جنوری 2024 میں ثانیہ سے علیحدگی کے بعد جب چند ماہ بعد ہی شعیب کی ثنا جاوید کے ساتھ اچانک شادی کی تصاویر منظرِ عام پر آئیں تو سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی۔ اب شعیب ملک کی بہن کے نئے انکشافات کے بعد شعیب اور ثانیہ کی طلاق کا معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین