8ماہ میں 37 ارب ڈالر کی درآمدات ،پاکستان نے کن اشیا پر اربوں ڈالر خرچ کئے؟

اس عرصے کے دوران پاکستان نے بیرون ملک سے 5 ارب 38 کروڑ ڈالر کی خوراک منگوائی

لاہور :ـرواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں پاکستان کی درآمدات کا حجم 37 ارب 87 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی سے فروری کے دوران درآمدات میں 7.6 فیصد یعنی 2 ارب 67 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مشینری کی درآمدات میں 15.60 فیصد اضافہ ہوا اور اس کا حجم 5 ارب 82 کروڑ ڈالر تک جا پہنچا۔ پاور، ٹیکسٹائل، آفس، تعمیراتی اور الیکٹریکل مشینری کی درآمد میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موبائل فون کی درآمد میں 13 فیصد کمی کے باوجود اس کا حجم ایک ارب ڈالر سے زیادہ رہا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 1.20 فیصد اضافہ ہوا، جس کی مالیت 10 ارب 70 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ زرعی آلات اور کیمیکلز کی درآمدات میں 2.52 فیصد اضافہ ہوا، جس کا حجم 5 ارب 87 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔

ٹرانسپورٹ سیکٹر کی درآمدات میں 24.33 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا، جو ایک ارب 38 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ گاڑیوں اور ان کے پرزہ جات کی درآمد میں 23 فیصد اضافہ ہوا اور جولائی سے فروری تک 75 کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت کی گاڑیاں اور پرزے درآمد کیے گئے۔

غذائی اشیا کی درآمدات میں 1.47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم اس عرصے کے دوران پاکستان نے بیرون ملک سے 5 ارب 38 کروڑ ڈالر کی خوراک منگوائی۔ ان اشیا میں گندم، خشک میوے، چائے، مصالحے، پام آئل، سویا بین، چینی اور دالیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 8 کروڑ 32 لاکھ ڈالر مالیت کا دودھ، مکھن اور کریم بھی درآمد کیا گیا۔
ٹیکسٹائل کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا، جو 59 فیصد تک بڑھ کر 2 ارب 71 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین