رمضان کے دوران پولیس نے گداگری کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کر دیا ہے۔متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے رمضان کے وسط تک گداگروں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 127 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے قبضے سے 50 ہزار درہم برآمد کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اماراتی اخبار "امارات الیوم” کے مطابق، دبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن نے دبئی پولیس اسٹیشنوں کے تعاون سے یہ کارروائی کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ انسدادِ گداگری مہم کے باعث گداگروں کی سالانہ تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
رمضان کے دوران پولیس کا ان علاقوں میں گشت بڑھا دیا گیا ہے جہاں گداگروں کی موجودگی کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد دبئی کو گداگری سے پاک بنانا اور شہریوں کو ہر قسم کی پریشانی سے بچانا ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ معاشرتی امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔