انسان اپنے اخلاقی رویوں سے معتبر ہوتا ہے:ڈاکٹر حسین قادری

منہاج القرآن انٹر نیشنل کے صدر کا شہرِ اعتکاف میں "آدابِ زندگی" کے موضوع پر تربیتی لیکچر

لاہور:منہاج القرآن انٹر نیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شہرِ اعتکاف میں "آدابِ زندگی” کے موضوع پر ہزارہا معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے نزدیک نیکی کا یہ مطلب نہیں ہے کہ تم اپنے منہ مشرق اور مغرب کی طرف پھیر لو ، اللہ کے نزدیک نیکی کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنے رشتوں کا احترام کریں اور کسی حال میں بھی حقوق العباد کی نفی نہ کریں۔آج ہم ناسمجھی میں یا غفلت میں دوسروں کے بارے میں ایسا رویہ اختیار کرتے ہیں جس سے مقابل کی دل آزاری ہوتی ہے۔ یہ دل آزاری اللہ تعالیٰ کے نزدیک بھی ایک قابلِ گرفت عمل ہے۔انہوں نے صوفیائے کرام کی زندگیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ انسانیت سے محبت کرنے والے تھے۔ہر حال میں دوسروں کی دل جوئی کرتے تھے۔صوفیاء کے اِسی حسنِ سلوک کی وجہ سے برِصغیر میں اسلام پھلا پھولا۔بڑی ڈگری ، بڑا عہدہ یا بڑا حسب نسب اہم نہیں بلکہ اخلاقی رویے اوراَدب آداب انسان کو بڑا بناتے ہیں۔حضور نبی اکرم ﷺ کی جملہ تعلیمات اَدب اور احترام سے متعلق ہیں۔آپ ﷺ نے فرمایا: مجھے اچھے اخلاق کی تکمیل کے لیے بھیجا گیا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا: مسلمان مسلمان کا بھائی ہے اور کوئی بھائی اپنے بھائی کو رسوا نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ یہ اعتکاف گاہ آداب سیکھنے کی تجربہ گاہ ہے۔اگر ہمارےاخلاق درست ہو جائیں تو ہماری دنیوی و اخروی زندگی میں انقلاب آ جائے۔نوجوان اپنی مادی زندگی کی مصروفیات کے ساتھ ساتھ سیرتِ طیبہ کا مطالعہ کرتے رہیں۔ اپنا رشتہ کسی حال میں بھی قرآن اور سنت سے کمزور نہ ہونے دیں۔انہوں نے اپنے تربیتی خطاب میں امتِ مسلمہ کے اتحاد اور پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا کی۔

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین