پاکستانی سینئر اداکار جاوید شیخ نے دعویٰ کیا تھا کہ بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی نے ان کے ساتھ خراب رویہ اختیار کیا تھا اور سلام کا جواب تک نہیں دیا۔ اس بیان پر عمران ہاشمی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسا کوئی واقعہ یاد نہیں، اور ان کے جاوید شیخ کے ساتھ ہمیشہ خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔
بالی ووڈ کے معروف اداکار عمران ہاشمی نے حالیہ انٹرویو میں سینئر پاکستانی اداکار جاوید شیخ کے بیان پر ردعمل دیا، جس میں جاوید شیخ نے عمران ہاشمی پر بدتمیزی کا الزام عائد کیا تھا۔
جاوید شیخ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کی پہلی ملاقات فلم "جنت” کی شوٹنگ کے دوران ہوئی، جہاں عمران ہاشمی نے ان کے سلام کا جواب تک نہیں دیا اور ان کے ساتھ سخت رویہ اپنایا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس واقعے کے بعد دونوں کے درمیان دو ہفتے تک سرد مہری رہی اور کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
اب عمران ہاشمی نے اس پر اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ انہیں وہ ملاقات مکمل طور پر یاد تو نہیں، کیونکہ یہ بہت پرانی بات ہے، لیکن وہ ہمیشہ جاوید شیخ کے ساتھ اچھے تعلقات میں رہے ہیں۔
عمران ہاشمی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا، "جب میں جاوید شیخ صاحب سے ملا تھا، تب میری عمر صرف 20 سال تھی۔ وہ مجھ سے بڑی عمر کے تھے، اس لیے ہم دوستوں کی طرح کبھی نہیں ملے اور نہ ہی میں ان کے ساتھ گھوما پھرا۔ مگر جو کچھ وہ کہہ رہے ہیں، مجھے ایسا کوئی واقعہ یاد نہیں آ رہا۔”
انہوں نے مزید کہا، "مجھے نہیں معلوم کہ جاوید صاحب اس واقعے کو کیوں یاد رکھے ہوئے ہیں، لیکن یہ ضرور ہے کہ وہ اسے 16-17 سالوں سے سنبھالے ہوئے ہیں۔ جہاں تک میرا تعلق ہے، میرے لیے یہ مضحکہ خیز ہے، کیونکہ مجھے خود اس بارے میں کچھ یاد نہیں۔”