انگلینڈ کے تیز گیند باز جوفرا آرچر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ میں سب سے مہنگا اسپیل کروا کر ایک ایسا ریکارڈ بنا لیا جسے کوئی بھی بولر اپنے نام نہیں کرنا چاہے گا۔ انہوں نے 4 اوورز میں 76 رنز دیے، اور حیران کن طور پر ان کے پورے اسپیل میں صرف ایک ڈاٹ بال تھی۔
آئی پی ایل 2025 میں راجستھان رائلز کی نمائندگی کرنے والے جوفرا آرچر نے سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف میچ میں اپنے 4 اوورز کے دوران کوئی وکٹ حاصل نہیں کی اور 76 رنز دے دیے۔ اس ناقص کارکردگی نے انہیں آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز دینے والا مہنگا ترین بولر بنا دیا۔
مخالف ٹیم کے بلے بازوں نے جوفرا آرچر کے خلاف کھل کر بیٹنگ کی، ان کے خلاف 4 چھکے اور 10 چوکے لگائے۔
اس سے پہلے آئی پی ایل میں سب سے زیادہ رنز دینے کا ناپسندیدہ ریکارڈ بھارتی بولر موہت شرما کے پاس تھا، جنہوں نے ایک اسپیل میں 73 رنز دیے تھے۔ تاہم، جوفرا آرچر نے یہ ریکارڈ توڑ دیا اور ایک نیا سنگین ریکارڈ بنا دیا۔
آرچر کی مشکل کا آغاز پہلے ہی اوور سے ہو گیا، جہاں انہوں نے 23 رنز دے دیے، جس کے بعد ان کی بولنگ مزید خراب ہوتی گئی۔
واضح رہے کہ اس میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے 287 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا، جس کا تعاقب کرتے ہوئے راجستھان رائلز کو 44 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔