رونلڈ میکڈونلڈ، جو دہائیوں تک میکڈونلڈز کی پہچان رہا، اچانک منظر سے غائب ہو گیا۔ یہ کردار، جو بچوں اور بڑوں دونوں میں مقبول تھا، 2016 میں ایک خوفناک رجحان کے بعد آہستہ آہستہ نظروں سے اوجھل ہوتا چلا گیا۔ یہ رجحان کیا تھا، اور میکڈونلڈز نے ایسا فیصلہ کیوں کیا؟ آئیے تفصیل سے جانتے ہیں۔
رونلڈ میکڈونلڈ، جس کا سفید چہرہ، سرخ بال، اور مسکراتا ہوا انداز میکڈونلڈز کا لازمی حصہ سمجھا جاتا تھا، کئی دہائیوں تک فاسٹ فوڈ چین کی شناخت بنا رہا۔ یہ جوکر پہلی بار 1960 کی دہائی میں ٹی وی اشتہارات میں نمودار ہوا اور جلد ہی گولڈن آرچز، بگ میک، اور ہیپی میل کی طرح پہچان بنانے لگا۔
میکڈونلڈز کی مارکیٹنگ مہم میں رونلڈ میکڈونلڈ اکثر دوسرے کرداروں جیسے میئر میک چیز، ہیمبرگلار، گریمس، برڈی دی ارلی برڈ، اور فرائی کڈز کے ساتھ نظر آتا۔ اس کردار کو زندہ رکھنے کے لیے مختلف مواقع پر مختلف اداکار اس کا روپ دھارتے، لیکن ٹی وی اشتہارات میں ہمیشہ ایک ہی اداکار کو چنا جاتا تھا۔
تاہم، رونلڈ میکڈونلڈ کو ہمیشہ مختلف حلقوں سے تنقید کا سامنا رہا۔ 2011 میں، 550 سے زائد ڈاکٹروں اور ماہرینِ صحت نے اخبارات میں اشتہارات کے ذریعے یہ مؤقف اختیار کیا کہ بچوں کو فاسٹ فوڈ کی طرف راغب کرنے کے لیے ایک مسخرے کا استعمال غیر اخلاقی ہے، اور اسے ریٹائر کر دینا چاہیے۔
یہ بحث چلتی رہی، مگر 2016 میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے میکڈونلڈز کو مجبور کر دیا کہ وہ اس کردار کو پیچھے کر دے۔ دنیا بھر میں ‘ڈراؤنا مسخرہ‘ مہم شروع ہوئی، جس میں لوگ خوفناک مسخروں کا لباس پہن کر عوام کو دہشت زدہ کرنے لگے۔ اس مہم کا آغاز امریکہ سے ہوا، لیکن جلد ہی برطانیہ، آسٹریلیا اور برازیل سمیت کئی ممالک میں پھیل گئی۔
امریکی ریاست ساؤتھ کیرولائنا میں پولیس کو اطلاعات موصول ہوئیں کہ مسخروں کے بھیس میں کچھ افراد بچوں کو جنگل میں لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ‘نیو یارک ٹائمز‘ کے مطابق، اس مہم کے نتیجے میں امریکہ میں کم از کم 12 افراد کو گرفتار کیا گیا، اور ایک شخص ہلاک بھی ہوا۔
پنسلوانیا میں ایک 16 سالہ لڑکے کو چاقو مار کر قتل کر دیا گیا، اور یہ واقعہ ایک مسخرے کے ماسک میں ملبوس شخص کی اشتعال انگیزی کے بعد پیش آیا۔ برطانیہ میں ایک خوفناک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں ایک شخص مسخرے کا لباس پہنے چینسا لہراتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ آسٹریلیا میں ایک 19 سالہ نوجوان کو ڈرانے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا۔
ان خوفناک واقعات کے بعد، میکڈونلڈز نے فیصلہ کیا کہ وہ رونلڈ میکڈونلڈ کی عوامی تقریبات میں شرکت کو محدود کر دیں گے۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا، "میکڈونلڈز اور اس کے فرنچائز مالکان حالیہ واقعات سے بخوبی آگاہ ہیں، اور اسی لیے رونلڈ کی عوامی تقریبات میں شرکت کے حوالے سے محتاط رویہ اختیار کیا جا رہا ہے۔”
2017 تک رونلڈ میکڈونلڈ کچھ تقریبات میں نظر آتا رہا، لیکن آہستہ آہستہ اس کا کردار ختم کر دیا گیا۔ اب وہ نہ تو کسی اشتہار میں دکھائی دیتا ہے اور نہ ہی سوشل میڈیا پر نظر آتا ہے۔
تاہم، رونلڈ کے غائب ہونے کے باوجود، ان کا ایک پرانا ساتھی 2023 میں دوبارہ مقبول ہوا۔ جامنی رنگ کا نرم و ملائم کردار ‘گریمس‘ نیویارک میٹس بیس بال ٹیم کے لیے خوش قسمتی کی علامت بن گیا اور ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنا۔
یوں ایک وقت میں بچوں کی خوشی کا باعث بننے والا رونلڈ میکڈونلڈ، خوفناک واقعات کی نذر ہو کر تاریخ کا حصہ بن گیا۔