کیا اہرام مصر کے نیچے ایک خفیہ شہر چھپا ہوا ہے؟ محققین نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے زمین کے اندر ایک بڑا ڈھانچہ دریافت کیا، لیکن کچھ ماہرین اسے ماننے کو تیار نہیں۔
تفصیلات کے مطابق محققین نے حال ہی میں دعویٰ کیا کہ اہرام مصر کے نیچے ایک بہت بڑا زیر زمین شہر موجود ہے، جو 6,500 فٹ سے زیادہ پھیلا ہوا ہے۔ اٹلی اور اسکاٹ لینڈ کے سائنسدانوں نے یہ بات کہی، جنہوں نے ریڈار کا استعمال کرکے زمین کی گہرائی میں ہائی ریزولوشن تصاویر بنائیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اہرام سے 2,100 فٹ نیچے آٹھ بڑے سلنڈر نما ڈھانچے ملے، اور 4,000 فٹ کی گہرائی میں کچھ اور نامعلوم چیزیں بھی نظر آئیں۔ تحقیق کرنے والی ٹیم نے ایک پریس ریلیز میں ان نتائج کو "حیرت انگیز” قرار دیا اور کہا کہ اگر یہ سچ ثابت ہوا تو قدیم مصر کی تاریخ کو نئے سرے سے سمجھا جا سکتا ہے۔
لیکن دوسرے ماہرین اس بات سے متفق نہیں۔ پروفیسر لارنس کونیئرز، جو یونیورسٹی آف ڈینور میں ریڈار کے ماہر ہیں، نے کہا کہ ریڈار سے زمین میں اتنی گہرائی تک دیکھنا ناممکن ہے، اور اس وجہ سے زیر زمین شہر کا خیال بہت بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔