بازاروں میں خواتین کی حفاظت کے لیے ویمن پولیس سکواڈ متحرک

لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، چینیوٹ، بورے والا، وہاڑی، خانیوال اور دیگر شہروں میں ویمن پولیس سکواڈ نے گشت شروع کر دیا ہے

لاہور:پنجاب حکومت نے خواتین، بچوں اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے ایک منفرد اور قابل تحسین قدم اٹھایا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے کے مختلف شہروں میں ویمن پولیس سکواڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، جو بازاروں اور مارکیٹوں میں گشت کرے گا۔ اس خصوصی سکواڈ کا مقصد خواتین کو ہراساں کرنے، ان کے ساتھ چوری یا ڈکیتی جیسے جرائم کی روک تھام اور سماج دشمن عناصر پر نظر رکھنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے کے بڑے تجارتی مراکز اور بازاروں میں ویمن پولیس سکواڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، جو خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے متحرک ہوگا۔ یہ سکواڈ رش کے اوقات میں مارکیٹوں میں گشت کرے گا اور خواتین کو ہراساں کرنے، چوری، ڈکیتی اور موبائل چھیننے جیسے واقعات کو روکنے میں مدد دے گا۔

یہ خصوصی سکواڈ پیدل، سائیکل اور موٹر سائیکل پر گشت کرے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ علاقوں میں سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ سکواڈ کی اہلکار بازاروں اور مارکیٹوں میں آنے والی خواتین کو مکمل تحفظ فراہم کریں گی اور اگر کسی کو کوئی پریشانی ہو تو وہ براہ راست ویمن پولیس اہلکاروں سے رجوع کر سکتی ہیں۔

لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، چینیوٹ، بورے والا، وہاڑی، خانیوال اور دیگر شہروں میں ویمن پولیس سکواڈ نے گشت شروع کر دیا ہے۔ خاص طور پر لاہور میں ڈولفن پولیس کا ایک خصوصی یونٹ بھی تعینات کیا گیا ہے، جو خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے مارکیٹوں میں موجود ہوگا۔

لاہور کے 65 بڑے تجارتی مراکز میں ڈولفن پولیس کا کوئیک رسپانس سائیکل سکواڈ تعینات کر دیا گیا ہے، جو ڈی ایچ اے، رایا، وائی بلاک، اچھرہ، انارکلی اور لبرٹی مارکیٹ سمیت دیگر مقامات پر گشت کر رہا ہے۔ لاہور بھر میں 4,000ے زائد پولیس اہلکار خصوصی سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔
افطار کے بعد بھی ڈولفن پولیس کا فرینڈلی یونٹ مارکیٹیں بند ہونے تک گشت کرے گا، تاکہ خواتین اور بچوں کو کسی بھی قسم کے خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔
اوکاڑہ میں بھی پہلا ویمن پولیس سکواڈ مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔ یہاں پیدل، سائیکل اور موٹر سائیکل سوار پولیس کانسٹیبل گنجان بازاروں میں گشت کر رہی ہیں، تاکہ وہاں خریداری کے لیے آنے والی خواتین کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں کا تحفظ صرف حکومت کی نہیں، بلکہ پوری سوسائٹی کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بازاروں اور گلیوں میں خواتین کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
بازاروں میں خریداری کے لیے آنے والی خواتین نے ویمن پولیس سکواڈ کے قیام کو ایک تاریخی اور قابل تحسین اقدام قرار دیا ہے۔ خواتین کا کہنا ہے کہ انہیں پہلی بار ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ وہ زیادہ محفوظ اور مطمئن ہیں۔ ساتھ ہی، اگر کسی کو کسی قسم کی ہراسمنٹ یا مسئلہ درپیش ہو تو خواتین پولیس اہلکاروں کو شکایت درج کروانا بھی آسان ہو گیا ہے۔
یہ اقدام پنجاب حکومت کی جانب سے خواتین کے تحفظ کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، جو مستقبل میں بھی مزید بہتر نتائج دے سکتا ہے۔

 

 

 

متعلقہ خبریں

مقبول ترین