عمرو عیار کی زنبیل جیسی جادوئی بالٹی

یہ بالٹی بھارت میں قدیم دور میں استعمال کی جاتی تھی

عمرو عیار کی زنبیل کے بارے میں تو آپ نے سن ہی رکھا ہوگا، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک ایسی حقیقی چیز بھی موجود ہے جو بظاہر ایک عام سی بالٹی نظر آتی ہے مگر اس میں پورا کچن سمایا جا سکتا ہے؟ یہ جادوئی بالٹی بھارت میں قدیم دور میں استعمال کی جاتی تھی اور اب اسے قدیم نوادرات میں شمار کیا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس حیرت انگیز بالٹی نے جدید کچن گیجٹس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، اور لوگ اسے ماضی کا سب سے اسمارٹ کچن گیجٹ قرار دے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ایک قدیم جادوئی بالٹی کی ویڈیو نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ اس منفرد بالٹی کو دیکھ کر لوگ اسے عمرو عیار کی زنبیل سے تشبیہ دے رہے ہیں، کیونکہ اس کے اندر کئی برتن اور کچن کے اوزار انتہائی منظم طریقے سے سمو دیے گئے ہیں۔

یہ بالٹی بھارت میں قدیم دور میں استعمال کی جاتی تھی اور اب اسے تاریخی ورثے کا درجہ حاصل ہے۔ بالٹی پر لکھی گئی اردو تحریر سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ مغل دور کی ایک انوکھی ایجاد ہے۔ پیتل سے بنی یہ بالٹی نہ صرف خوبصورت ہے بلکہ انتہائی کارآمد بھی ہے، کیونکہ اس میں چمچ، کڑچھی، پلیٹیں، کٹورے، چھوٹے ڈبے اور دیگر برتن ایک مخصوص ترتیب سے رکھے جا سکتے ہیں، جس سے پورے کچن کا سامان ایک ساتھ ایک ہی جگہ جمع ہو جاتا ہے۔

یہ جادوئی بالٹی خصوصی طور پر سفر کے دوران استعمال کی جاتی تھی۔ بھارت کے مختلف دیہی علاقوں میں اسے شادی بیاہ کے موقع پر دلہن کو تحفے میں دیا جاتا تھا، تاکہ وہ اپنے نئے گھر میں ضروری برتنوں کے ساتھ جا سکے۔ یہ نہ صرف سہولت کے لیے بنائی گئی تھی بلکہ یہ ثقافت اور خاندانی روایات کا بھی ایک اہم حصہ تھی۔

آج کے جدید دور میں، جب لوگ کم جگہ میں زیادہ کارآمد چیزیں رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں، یہ بالٹی دوبارہ مقبول ہو رہی ہے۔ کیونکہ اس سے نہ صرف کچن کی جگہ بچتی ہے بلکہ یہ سفر یا پکنک کے لیے بھی انتہائی مفید ہے۔

سوشل میڈیا صارفین اس انوکھی ایجاد کو دیکھ کر حیران ہیں۔ کسی نے اسے "کچن کی سوئس چاقو” قرار دیا، تو کسی نے کہا کہ "یہ ماضی کا سب سے اسمارٹ کچن گیجٹ ہے!” اس حیرت انگیز بالٹی نے جدید کچن گیجٹس کو بھی شرمندہ کر دیا ہے، اور لوگ حیران ہیں کہ ہمارے آباؤ اجداد صدیوں پہلے اتنی شاندار ایجادات کیسے کر لیتے تھے؟

متعلقہ خبریں

مقبول ترین