بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ کو میلبرن میں ہونے والے کنسرٹ میں تاخیر سے پہنچنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اب انہوں نے خاموشی توڑ دی ہے۔ نیہا نے انسٹاگرام پر ایک پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے مداحوں سے سچ کا انتظار کرنے کی اپیل کی۔ دوسری طرف، ان کے بھائی ٹونی ککڑ نے بھی ان کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے دیر ہونے کی وجوہات بتائی ہیں۔
بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ نے میلبرن کنسرٹ میں تین گھنٹے تاخیر سے پہنچنے پر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا ہے۔
نیہا نے انسٹاگرام اسٹوری پر اپنی افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا "سچ کا انتظار کرو، تم مجھے جلدی جج کرنے پر پچھتاؤ گے۔” ان کا یہ ردعمل سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، اور مداح اس پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔
نیہا ککڑ کے بھائی اور گلوکار ٹونی ککڑ نے بھی اپنی بہن کے حق میں آواز بلند کی ہے اور بتایا کہ کنسرٹ میں تاخیر کا قصوروار اصل میں کون ہے۔
ٹونی نے کہا کہ جب کسی فنکار کو کسی شہر میں پرفارم کرنے کے لیے بلایا جاتا ہے تو منتظمین کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ ائیر ٹکٹ، گاڑی اور ہوٹل کا انتظام کریں۔ لیکن میلبرن میں جب نیہا ائیرپورٹ پہنچیں تو انہیں معلوم ہوا کہ کچھ بھی بُک نہیں کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے انہیں سب کچھ خود ہنگامی طور پر انتظام کرنا پڑا۔
ٹونی نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ سب منتظمین کی ذمہ داری تھی اور انہوں نے کچھ بھی وقت پر نہیں کیا، تو اس میں غلطی نیہا کی کیسے ہو سکتی ہے؟
نیہا کے اس بیان کے بعد مداحوں کی رائے تقسیم ہو گئی ہے۔ کچھ لوگ ان کی وضاحت قبول کر رہے ہیں، جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ چاہے جو بھی وجہ ہو، ایک فنکار کو وقت کی پابندی کرنی چاہیے۔ تاہم، نیہا اور ان کے بھائی ٹونی نے واضح کر دیا ہے کہ کنسرٹ میں تاخیر کی اصل وجہ منتظمین کی نااہلی تھی۔