بھارت میں مہلک وائرس کے باعث چند دنوں میں سینکڑوں بلیاں ہلاک

یہ وائرس نہایت متعدی ہے اور بہت تیزی سے پھیلتا ہے

بھارت میں بلیوں کے لیے ایک مہلک وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، جس کے نتیجے میں چند دنوں میں سینکڑوں بلیاں ہلاک ہوچکی ہیں۔ ریاست کرناٹک کے رائچور ضلع میں اس وائرس کا شدید اثر دیکھا گیا ہے، جہاں بلیوں کے زندہ بچنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ ماہرین نے بلیوں کے مالکان کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

برڈ فلو کے بعد بھارت میں اب بلیوں کو نشانہ بنانے والا ایک اور خطرناک وائرس سامنے آیا ہے، جسے ایف پی وی (Feline Panleukopenia Virus) کہا جا رہا ہے۔ اس وائرس نے ریاست کرناٹک میں تیزی سے بلیوں کو متاثر کیا ہے، خاص طور پر رائچور ضلع میں سینکڑوں بلیاں اس کا شکار ہو کر ہلاک ہوچکی ہیں۔

ماہرین کے مطابق، یہ وائرس نہایت متعدی ہے اور بہت تیزی سے پھیلتا ہے۔ سب سے تشویشناک بات یہ ہے کہ متاثرہ بلیوں کے زندہ بچنے کا امکان انتہائی کم ہے، جس کا تخمینہ صرف 1 فیصد لگایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ہر 100 متاثرہ بلیوں میں سے 99 کے مرنے کا خدشہ ہے، جو اس وائرس کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔

تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ ایف پی وی وائرس انسانوں اور کتوں کو متاثر نہیں کرتا، لیکن بلیوں کے لیے یہ انتہائی خطرناک ہے۔ اسی لیے جانوروں کے ماہرین بلیوں کے مالکان کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ اپنے پالتو جانوروں کی صحت کا خاص خیال رکھیں اور فوری طور پر ضروری حفاظتی اقدامات کریں۔

چونکہ یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور فی الحال اس کا کوئی مؤثر علاج موجود نہیں، اس لیے ماہرین نے بلیوں کے مالکان کو خبردار کیا ہے کہ وہ زیادہ محتاط رہیں۔ کرناٹک کے مختلف علاقوں میں اس وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے اور اگر اس پر قابو نہ پایا گیا تو مزید بلیوں کی جان جانے کا خطرہ ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین