بالی ووڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے ممبئی میں ایک ایوارڈ شو میں اپنے بیٹے یشوردھن آہوجا کے ساتھ شرکت کی، لیکن گووندا کی غیر موجودگی نے ایک بار پھر ان کی طلاق کی افواہوں کو ہوا دے دی۔ تقریب کے دوران جب پاپرازی نے گووندا کے بارے میں سوال کیا تو سنیتا کے جواب نے مزید چہ مگوئیاں شروع کر دیں۔
معروف بالی ووڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے حال ہی میں ممبئی میں منعقدہ ایک ایوارڈ شو میں شرکت کی۔ وہ اپنے بیٹے یشوردھن آہوجا کے ساتھ تقریب میں پہنچیں اور پاپرازی کے لیے تصاویر بھی بنوائیں، لیکن اس موقع پر گووندا کی غیر موجودگی نے ایک بار پھر ان کی طلاق کی خبروں کو جنم دے دیا۔
ایوارڈ شو کے دوران جب فوٹوگرافرز نے سنیتا سے سوال کیا کہ "سر کہاں ہیں؟ تو انہوں نے حیرانی سے پوچھا "کیا؟؟؟” اور جواب دینے سے گریز کیا۔ جب پاپرازی نے مزید کہا کہ "ہم گووندا جی کو یاد کر رہے ہیں”، تو سنیتا نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، ہم بھی اسے یاد کر رہے ہیں۔ یہ کہہ کر وہ اپنے بیٹے کے ساتھ روانہ ہوگئیں۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، اور مداحوں کے درمیان ایک بار پھر گووندا اور سنیتا کی طلاق کی خبریں زیر بحث آگئی ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ سنیتا آہوجا کا رویہ مشکوک لگ رہا ہے، اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ان کے اور گووندا کے درمیان واقعی کچھ مسائل چل رہے ہیں۔ تاہم، مداحوں کا کہنا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ یہ جوڑی علیحدہ ہو۔
یاد رہے کہ گووندا اور سنیتا کی طلاق کی افواہیں اس وقت سے گردش کر رہی ہیں جب سنیتا آہوجا نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اور گووندا اب الگ رہ رہے ہیں۔ اس بیان کے بعد سے قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں، اور ہر نئی جھلک ان خبروں کو مزید تقویت دے رہی ہے۔