ایک دل، دو محبتیں! بھارتی نوجوان نے ایک ہی وقت میں دو شادیاں کر ڈالیں

اس غیر معمولی شادی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے

بھارت میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے اپنی دونوں محبوباؤں کو ایک ساتھ دلہن بنا لیا۔ محبت میں انوکھے فیصلے کرنے والے اس عاشق نے ایک ہی تقریب میں دونوں لڑکیوں سے شادی کرکے سب کو حیران کر دیا۔ اس غیر معمولی شادی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

بھارتی ریاست تلنگانہ کے ضلع کومرم بھیم آصف آباد کے گاؤں گمنور میں ایک دلچسپ اور حیران کن شادی دیکھنے کو ملی۔ سوریا دیو نامی نوجوان نے لال دیوی اور جھلکاری دیوی دونوں سے محبت کی، اور دونوں سے ہی شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس نے یہ شادی ایک ہی وقت اور ایک ہی منڈپ میں انجام دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، سوریا دیو نے اپنی شادی کے دعوت نامے پر بھی دونوں دلہنوں کے نام شائع کروائے اور ایک شاندار تقریب منعقد کی۔ شادی کی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں دلہنیں دلہے کا ہاتھ تھامے روایتی رسمیں ادا کر رہی ہیں، جبکہ پس منظر میں ڈھول کی تھاپ سنائی دے رہی ہے اور رشتے دار، دوست اور گاؤں کے لوگ خوشی سے تقریب میں شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق، جب سوریا دیو نے دونوں لڑکیوں سے محبت کا اعتراف کیا تو تینوں نے ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کر لیا۔ گاؤں کے بزرگ پہلے تو اس پر حیران تھے، لیکن بعد میں انہوں نے اس شادی کی حمایت کی اور تقریب کو ممکن بنانے میں مدد کی۔

یہ بات قابل غور ہے کہ بھارت میں ہندوؤں کے لیے ایک وقت میں ایک سے زیادہ شادی کرنا قانونی طور پر ممنوع ہے، لیکن اس کے باوجود کچھ علاقوں میں اس طرح کی شادیاں ہوتی رہی ہیں۔

یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ 2021 میں تلنگانہ کے عادل آباد ضلع میں بھی ایک شخص نے ایک ہی منڈپ میں دو خواتین سے شادی کی تھی، اور تینوں خاندانوں نے اس شادی کو قبول کر لیا تھا۔ اسی طرح 2022 میں جھارکھنڈ کے لوہردگا میں بھی ایک نوجوان نے اپنی دونوں محبوباؤں کے ساتھ شادی رچائی تھی۔

تلنگانہ کے سوریا دیو نے بھی محبت کی ایک نئی داستان رقم کر دی، جس پر لوگ حیران ہونے کے ساتھ ساتھ دلچسپی کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین