سعودی عرب میں چاند نظر آگیا، اتوار کو عید منائی جائے گی

پاکستان سمیت متعدد ایشیائی ممالک میں عید الفطر کا چاند کل دیکھا جائے گا۔

سعودی عرب سمیت کئی عرب ممالک میں شوال کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد وہاں اتوار 30 مارچ کو عید الفطر منائی جائے گی۔ تاہم، بھارت، بنگلادیش، ایران، عمان، ملائیشیا، برونائی اور انڈونیشیا میں چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے عید پیر 31 مارچ کو ہوگی۔

سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا، اور مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ سعودی عرب میں چاند نظر آنے کی تصدیق کے بعد باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا کہ عید الفطر اتوار 30 مارچ کو ہوگی۔

متحدہ عرب امارات میں جدید ٹیکنالوجی، بشمول ڈرونز، کے ذریعے چاند دیکھنے کا عمل مکمل کیا گیا، اور وہاں بھی چاند نظر آنے کے بعد اتوار کو عید منانے کا اعلان کیا گیا۔

قطر میں بھی چاند نظر آنے کی تصدیق ہو گئی، جس کے بعد وہاں اتوار کو عید منانے کا اعلان کر دیا گیا۔ زیادہ تر خلیجی ممالک میں اتوار کو عید الفطر منائی جائے گی۔

دوسری طرف، بھارت، بنگلادیش، ایران، عمان، انڈونیشیا، ملائیشیا، برونائی اور آسٹریلیا میں چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد ان ممالک میں پیر 31 مارچ کو عید منائی جائے گی۔

پاکستان سمیت متعدد ایشیائی ممالک میں عید الفطر کا چاند کل دیکھا جائے گا۔ اس سے پہلے یہ اندازہ لگایا جا رہا تھا کہ دنیا کے زیادہ تر ممالک میں عید ایک ہی دن یعنی پیر 31 مارچ کو ہوگی، لیکن سعودی عرب سمیت عرب ممالک میں اتوار 30 مارچ کو عید منانے کے اعلان کے بعد صورتحال کچھ مختلف ہو گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین