گیس لیکیج سے خوفناک دھماکا، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

یہ واقعہ 6 روز قبل پیش آیا تھا

گجرانوالہ میں سلنڈر سے گیس لیک ہونے کے باعث خوفناک دھماکا ہوا، جس میں ایک ہی گھر کے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین معصوم بچے اور تین خواتین شامل ہیں، جب کہ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔

گجرانوالہ میں چند روز قبل ایک گھر میں گیس لیک ہونے سے زبردست دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس کے مطابق آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ گھر میں موجود تمام افراد بری طرح جھلس گئے۔

اس افسوسناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد بری طرح جھلس کر زخمی ہو گئے تھے، جنہیں تشویشناک حالت میں لاہور کے اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم، علاج کے دوران 6 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 سالہ جویریہ، 3 سالہ میرب، 2 سالہ اویس، 27 سالہ امبر، 26 سالہ انسا اور 50 سالہ فہمیدہ شامل ہیں۔

یہ واقعہ 6 روز قبل پیش آیا تھا، جب سلنڈر سے گیس لیک ہونے کی وجہ سے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں بچے 100 فیصد جبکہ بڑے 40 سے 70 فیصد تک جھلس گئے تھے۔

انتقال کر جانے والے تمام افراد کو مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا، جب کہ علاقے میں غم اور افسوس کی فضا برقرار ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین