90 ہزار پاکستانیوں کے لیے خوشخبری! حج پروازوں کی تاریخ کا اعلان ہو گیا

حاجیوں کی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے کا تربیتی کیمپ 8 اپریل سے شروع ہوگا

لاہور:وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حج پروازیں 28 مئی سے شروع ہوں گی اور 90 ہزار پاکستانی عازمین سرکاری حج اسکیم کے تحت مقدس سرزمین روانہ ہوں گے۔ ان کے انتظامات آخری مراحل میں ہیں اور وزیر اعظم کی واضح ہدایات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار یوسف نے بتایا کہ حاجیوں کی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے کا تربیتی کیمپ 8 اپریل سے شروع ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حجاج کو مکمل تیاری کے ساتھ روانہ کرنے کے لئے تربیتی سیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حج اور عمرہ عقیدے سے جڑے اہم معاملات ہیں، اس حوالے سے جو بھی کام کیا جاتا ہے وہ عبادت کا حصہ ہے۔ سردار یوسف نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے اور ان کی ہدایت پر تمام انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ حاجیوں کو ویکسینیشن سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور بزرگ افراد کا خاص خیال رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں حاجیوں کو تربیت دی جائے گی اور ملک بھر میں جب حج پروازیں شروع ہوں گی تو افسران کی ڈیوٹیاں بھی لگائی جائیں گی تاکہ حاجیوں کی بھرپور رہنمائی ہو سکے۔

سردار یوسف نے کہا کہ 2013 سے 2018 کے اپنے سابقہ دور وزارت میں بھی ان کی کوشش رہی کہ عام آدمی کو آسانی سے حج کی سعادت نصیب ہو۔ اب عالمی سطح پر حج کے اخراجات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شارٹ ٹرم حج (21 سے 22 دن کے پروگرام) کے اخراجات 11 لاکھ 50 ہزار روپے ہوں گے، اور اگر کوئی رقم بچتی ہے تو وہ حاجیوں کو واپس کر دی جاتی ہے، کیونکہ یہ ان کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ حج کے لئے دو ماہ باقی رہ گئے ہیں اور حاجیوں کے لیے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ سعودی حکومت بھی حاجیوں کی سہولت کے لئے بہترین سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ حجاج کرام کی سہولت کے لیے میڈیکل خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین