اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شبلی فراز نے عمران خان کی رہائی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہائی اسی صورت میں ممکن ہے جب یہ فیصلہ کر لیا جائے گا کہ ملک کو آگے لے کر چلنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کی رہائی صرف اس صورت میں ممکن ہے جب یہ فیصلہ کیا جائے کہ ہم نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ ملک کے لیے اہم ہے اور یہ اس بات پر منحصر ہے کہ ہم نے آنے والی نسلوں کے لیے کیا پاکستان چھوڑنا ہے۔
شبلی فراز نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس کو سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کیس کا کوئی حقیقت نہیں ہے اور یہ صرف پی ٹی آئی کو مصروف رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میں نہ کوئی دم ہے اور نہ ہی اس کا کوئی منطقی مقصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اور پاکستان کو یہ بات بخوبی معلوم ہے کہ عمران خان کو سیاسی بنیادوں پر قید کیا گیا ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کی رہائی اس وقت ہی ممکن ہو گی جب یہ فیصلہ کر لیا جائے کہ ہم نے اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے، اس ملک کو ترقی دینی ہے اور اسے اکٹھا رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومتی حلقے یہ فیصلہ کر لیں کہ ہمیں ملک کے مستقبل کے لیے ایک مثبت سمت میں کام کرنا ہے تو عمران خان کی رہائی ممکن ہو جائے گی۔
شبلی فراز نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے حکومت کی جانب سے عوام کو جھوٹے وعدوں کے ذریعے خوش رکھنے کی ایک ناکام کوشش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اس مسئلے کو پارلیمنٹ میں اٹھائے گی اور حکومتی اقدامات کو بے نقاب کرے گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پارٹی کی قیادت اس مسئلے پر کام کر رہی ہے اور پارٹی کے فیصلے مکمل ہو چکے ہیں۔
عمران خان کی رہائی کب ہو گی؟ پی ٹی آئی کے سینئر راہ نما نے بڑی پیشگوئی کر دی
جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس سیاسی ہے،اس کیس کا کوئی حقیقت نہیں ہے اور یہ صرف پی ٹی آئی کو مصروف رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے۔