گردن کی مالش نے چینی شہری کو فالج کا مریض بنا دیا

متاثرہ نوجوان ژاؤ ژانگ، جو کہ چین کے صوبہ ہینان کے شہر چانگشا سے تعلق رکھتا ہے

چین میں ایک نوجوان نے گردن کے درد سے نجات کے لیے مساج کروایا، لیکن اس مالش نے اسے اسپتال پہنچا دیا۔ خوش قسمتی سے بروقت طبی امداد ملنے کے باعث وہ کسی مستقل نقصان سے بچ گیا۔

چین میں ایک 26 سالہ نوجوان اُس وقت فالج کا شکار ہوگیا جب وہ گردن کے درد کی وجہ سے مالش کروانے گیا تھا۔
متاثرہ نوجوان ژاؤ ژانگ، جو کہ چین کے صوبہ ہینان کے شہر چانگشا سے تعلق رکھتا ہے اور پیشے کے لحاظ سے ایک آئی ٹی پروگرامر ہے، روزانہ کئی گھنٹے کمپیوٹر پر کام کرنے کی وجہ سے گردن میں شدید درد محسوس کرتا تھا۔

گردن کے درد سے نجات پانے کے لیے اس نے روایتی طریقے سے مالش کروانے کا فیصلہ کیا اور مقامی مساج پارلر چلا گیا۔
ابتداء میں سب کچھ معمول کے مطابق چل رہا تھا لیکن جیسے ہی مالش کرنے والے شخص نے تھوڑا زیادہ دباؤ ڈالا، ژاؤ ژانگ نے گردن میں شدید درد اور پھر سر درد محسوس کیا۔

ابتدائی طور پر اس نے ان علامات کو نظر انداز کر دیا، لیکن اگلی صبح جب وہ بیدار ہوا تو جسم کے بائیں حصے میں بے حسی، کمزوری اور بولنے میں دقت محسوس ہو رہی تھی۔
یہ علامات دیکھ کر وہ گھبرا گیا اور فوری طور پر مقامی سیکنڈ پیپلز اسپتال پہنچا، جہاں ڈاکٹروں نے اس میں "سیکنڈری سیریبرل انفارکشن” یعنی ثانوی دماغی فالج کی تشخیص کی۔

خوش قسمتی سے وہ بروقت اسپتال پہنچا تھا، جس کی وجہ سے وہ کسی بڑے یا مستقل نقصان سے محفوظ رہا۔
ڈاکٹروں نے فوری طور پر اسے جامع علاج فراہم کیا، جس میں اینٹی کوگولیشن تھراپی، کولیٹرل خون کی گردش کو بہتر بنانے اور جسم میں موجود آکسیجن فری ریڈیکلز کو صاف کرنے جیسے اقدامات شامل تھے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ گردن کی حساس رگوں پر دباؤ یا غلط طریقے سے مالش فالج جیسے سنگین نتائج کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے اس طرح کی تھراپی ہمیشہ ماہر اور سند یافتہ افراد سے ہی کروانی چاہیے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین