ٹی20 میں نئی تاریخ رقم، کوہلی 13 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے دوسرے تیز ترین بیٹر بن گئے

کوہلی نے ٹی20 فارمیٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کر لیے

بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی نے آئی پی ایل میں ایک اور تاریخ رقم کرتے ہوئے ٹی20 کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کر لیے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے بھارتی بلے باز بن گئے ہیں۔

بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے ایک مرتبہ پھر کرکٹ کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی۔گزشتہ روز ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویرات کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجر بنگلور نے ممبئی انڈینز کے خلاف کامیابی حاصل کی، اس میچ کی جیت کے ساتھ رائل چیلنجرز بنگلور پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر آگئی۔

اس اہم میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلور نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ ویرات کوہلی نے 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ساتھ ہی ایک بڑا سنگِ میل بھی عبور کیا۔

کوہلی نے ٹی20 فارمیٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کر لیے، وہ یہ کارنامہ سرانجام دینے والے پہلے بھارتی بلے باز بن گئے ہیں۔

انہوں نے یہ سنگِ میل اپنے 403 ویں ٹی20 میچ کی 386 ویں اننگز میں حاصل کیا، جس کے ساتھ ہی وہ ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بیٹر کرس گیل کے بعد دنیا کے دوسرے تیز ترین بیٹر بن گئے جنہوں نے ٹی20 کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کیے۔

کرس گیل نے یہ کارنامہ 381 ویں اننگز میں سرانجام دیا تھا۔

ٹی20 میں تیز ترین 13 ہزار رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست کچھ یوں ہے

  • کرس گیل (ویسٹ انڈیز) – 381 اننگز
  • ویرات کوہلی (بھارت) – 386 اننگز
  • ایلکس ہیلز (انگلینڈ) – 474 اننگز
  • شعیب ملک (پاکستان) – 487 اننگز
  • کیرون پولارڈ (ویسٹ انڈیز) – 594 اننگز

واضح رہے کہ اب تک ٹی20 کرکٹ میں صرف پانچ بلے باز ایسے ہیں جنہوں نے 13 ہزار یا اس سے زائد رنز بنائے ہیں، اور ان میں ویرات کوہلی کا نام بھی شامل ہو گیا ہے، جو بھارتی کرکٹ کے لیے ایک فخر کی بات ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین