اسلام آباد: پاکستان کے پہاڑوں اور زمینوں میں کھربوں ڈالر کی معدنیات چھپی ہوئی ہیں۔ اگر ان ذخائر سے فائدہ اٹھایا جائے تو پاکستان اپنے قرضے اتار کر آئی ایم ایف کو الوداع کہہ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے پہاڑوں، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں معدنیات کے کھربوں ڈالر مالیت کے ذخائر موجود ہیں، اور اگر پاکستان ان وسائل کو نکالے تو قرضوں کے بوجھ سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اللہ نے پاکستان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے۔ بلوچستان کے سخت اور پتھریلے پہاڑوں سے لے کر خیبرپختونخوا کے برف پوش پہاڑوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی قدیم چوٹیوں تک، ہر جگہ معدنی دولت کے بڑے بڑے ذخائر موجود ہیں۔ وادی سندھ اور پنجاب کی زرخیز زمینیں بھی ان خزانوں سے بھری ہوئی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اگر ہم سنجیدگی سے ان عظیم اثاثوں کو بروئے کار لائیں تو میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے یہ کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ سکتا ہے اور اپنے قرضوں کے پہاڑ سے نجات حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف معدنی ذخائر ہی نہیں بلکہ پنجاب، سندھ اور دیگر علاقوں میں انتہائی زرخیز زمینیں بھی موجود ہیں۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ پاکستان کے پاس محنتی اور بہادر لوگ ہیں، جو ہر چیلنج کو قبول کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں اور اپنی محنت سے مٹی کو بھی سونا بنا سکتے ہیں۔