مفتاح اسماعیل کا امریکی ٹیرف کا مقابلہ کرنے کیلئے اہم ترین مشورہ

پاکستان کو امریکا سے ڈیوٹی کم کروانے کی بجائے وہاں سے زیادہ اشیاء خریدنے کی کوشش کرنی چاہیے،سابق وزیر خزانہ

کراچی:سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے مشورہ دیا ہے کہ پاکستان کو امریکی ٹیرف کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکا سے مزید سامان خریدنا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں اور پاکستان کو فائدہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے لگائے گئے اضافی ٹیرف سے بچنے کے لیے پاکستان کو چاہیے کہ وہ امریکا سے اپنی درآمدات بڑھائے۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امریکا سے ڈیوٹی کم کروانے کی بجائے وہاں سے زیادہ اشیاء خریدنے کی کوشش کرنی چاہیے، کیونکہ امریکا پاکستان پر اضافی ٹیرف اسی لیے لگا رہا ہے کہ اسے اپنے تجارتی خسارے پر تشویش ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان چاہے تو ایک ایسا قیدی بھی رہا کر سکتا ہے جو گزشتہ 10، 12 سال سے قید ہے، اس طرح امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی ضرورت پوری کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عالمی منڈی میں تیل اور دیگر اجناس کی قیمتیں کم ہوئیں تو اس کا فائدہ بھی پاکستان کو ہوگا، لیکن پاکستان کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر امریکا کے ساتھ کوئی تجارتی معاہدہ کرے۔
واضح رہے کہ چند دن پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان، چین، ترکیہ اور دنیا کے کئی دوسرے ممالک پر جوابی ٹیرف لگانے کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین