پاکستان میں عیدالاضحی کس تاریخ کو ہو گی، فلکیاتی ماہرین نے پیشگوئی کر دی

عید الاضحیٰ کی تاریخ کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ذی الحج کا چاند نظر آنے کے بعد کرے گی

فلکیاتی ماہرین نے عید الاضحیٰ کی تاریخ کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں 6 جون 2025 کو عید الاضحیٰ منائی جا سکتی ہے، جبکہ پاکستان میں اس کی ممکنہ تاریخ 7 جون 2025 ہے۔
تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے بعد فلکیاتی ماہرین نے عید الاضحیٰ کی تاریخ سے متعلق پیشگوئی کی ہے۔ متحدہ عرب امارات کے ماہرین فلکیات نے 6 جون بروز جمعہ کو عید الاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ بتائی ہے۔ ایمریٹس آسٹرونومی سوسائٹی کے مطابق، 27 مئی کی شام کو ذی الحج کا چاند نظر آنے کا امکان ہے، اگر یہ پیشگوئی درست ثابت ہوئی تو متحدہ عرب امارات میں 28 مئی کو ذی الحج کا پہلا دن ہوگا۔
اماراتی وقت کے مطابق، چاند 27 مئی کو صبح 7:02 پر طلوع ہوگا اور سورج غروب ہونے کے بعد تقریباً 38 منٹ تک آسمان پر دکھائی دے گا، جس سے چاند نظر آنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ ایمریٹس آسٹرونومی سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان نے اعلان کیا کہ مقامی چاند کی رویت کی بنیاد پر عید کی تاریخوں کا تعین کیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات کے سرکاری تعطیلات کے کیلنڈر کے مطابق، یوم عرفات اور عید الاضحیٰ کے لیے چھٹی ذی الحج کی 9 سے 12 تک (1445 ہجری) ہوگی، جو کہ 4 دن کی چھٹی کے برابر ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے ماہرین فلکیات نے ابتدائی حسابات کی بنیاد پر 7 جون 2025 بروز ہفتہ عید الاضحیٰ کی تاریخ کا امکان ظاہر کیا ہے، تاہم عید الاضحیٰ کی تاریخ کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ذی الحج کا چاند نظر آنے کے بعد کرے گی۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین